وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کو پراپیگنڈا قرار دے دیا ...
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کو پراپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’تیل کی قیمت میں اضافے کو لے کر ایسے پراپیگنڈا ہو رہا ہے جیسے ہم کوئی دنیا سے کسی علیحدہ سیارے پر ہیں۔‘
’اگر دنیا میں تیل، گیس اوپر جائیگا پاکستان میں بھی اوپر جائے گا۔‘
سنیچر کے روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نئے اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل ایک لیٹر پیٹرول 127 روپے 30 پیسے کا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ’سارا ملک سبسڈی پر نہیں چل سکتا، آج قیمتیں اوپر ہیں کل کم ہو جائیں گی تو یہاں بھی کم ہو جائیں گی۔‘
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو اپوزیشن اور عوام دونوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے۔‘
’منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران خان استعفیٰ دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔‘
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ’ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟‘
پیٹرول کی قیمت پر سنجیدہ تبصروں کے علاوہ صارفین مزاح کا سہارا لیتے ہوئے بھی وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔
ٹوئٹر پر ’سائیں‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’پچاس روپے کا پیٹرل ڈلوانے گیا، پمپ والے نے بھگا دیا۔‘
کوئی تبصرے نہیں